برسبین: قومی وائٹ بال ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ گلین میکسویل شاندار بیٹنگ سے میچ چھین کر لے گئے۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ آج برسبین میں کھیلا گیا ۔ بارش سے متاثرہ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 29 رنز سے شکست دی۔
بارش کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان فی اننگز 7 اوورزکا کھیل ہوا، پاکستان نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 94 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم مقررہ 7 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز ہی بنا سکی۔
گلین میکسویل کو 19 گیندوں پر 43 رنز کی جارحانہ اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، ان کی اننگز میں 5 چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ایسے میچ میں بولرز کو الزام نہیں دے سکتے، بیٹرز نے میچ جیتنے کی پوری کوشش کی۔
محمد رضوان نے کہا کہ گلین میکسویل نے شاندار بیٹنگ کی اور وہ ہم سے میچ چھین کر لے گئے۔انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم میں کمزوریاں ہیں، جب جیتتے ہیں تب بھی غلطیوں کو دیکھتے ہیں، دوسرے ٹی 20 میں غلطیوں پر قابو پائیں گے، کوشش ہوگی سیریز میں کم بیک کریں۔