باسٹیئر( نمائندہ خصوصی)ہائی کمشنر آف پاکستان برائے کینیڈا، محمد سلیم نےباسٹیئر، سینٹ کٹس اینڈ نیوس میں نیشنل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی (NEMA) کے صدر دفتر کا دورہ کیا اور قدرتی آفات سے نمٹنے اور ہنگامی حالات کی تیاری میں دوطرفہ تعاون کے امکانات پر گفتگو کی۔
ہائی کمشنر آف پاکستان برائے کینیڈا، محمد سلیم نے سینٹ کٹس اینڈ نیوس کے دارالحکومت باسٹیئر میں نیشنل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی (NEMA) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایجنسی کی چیئرپرسن کلاریشیا لینگلی-اسٹیونز اور وزارت داخلہ کے پرمننٹ سیکرٹری مسٹر گلین رائے بلینشیٹ سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک، جو قدرتی آفات کے حوالے سے حساس سمجھے جاتے ہیں، نے قدرتی آفات سے نمٹنے اور ہنگامی تیاری کے شعبوں میں باہمی تعاون کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) اور اس کے جدید نظام کے بارے میں بریفنگ دی، جو ابتدائی وارننگ، فوری ردِعمل، عوامی تحفظ، لچکدار معاشرتی ڈھانچے کی تعمیر اور ماحولیاتی و دیگر آفات سے نمٹنے کیلئے تشکیل دیا گیا ہے۔
انہوں نے عالمی چیلنجز جیسے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئےتعاون کی اہمیت پر زور دیا اور NDMA اور NEMA کے درمیان معلومات کے تبادلے، تکنیکی مہارت، اور بہترین طریقہ کار کو اپنانے کیلئےباہمی شراکت داری قائم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
یہ ملاقات پاکستان اور سینٹ کٹس اینڈ نیوس کے درمیان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئےمشترکہ عزم کی عکاس تھی، جو مستقبل میں دوطرفہ شراکت داری اور مشترکہ اقدامات کی بنیاد بنے گی۔

