کراچی(سپورٹس ڈیسک+گنیز ورلڈ ریکارڈز ) پاکستان کی 13 سالہ مارشل آرٹس اسٹار فاطمہ نسیم نے ہاتھوں میں انڈے پکڑ کر ایک منٹ میں 340 پنچز لگانے کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق فاطمہ نسیم نے کراچی میں ایک منٹ کے دوران ہاتھوں میں دو انڈے پکڑ کر 340 مکمل پنچز لگائے اور یہ ریکارڈ اپنے نام کیا۔ یہ ریکارڈ 24 جنوری 2026 کو قائم کیا گیا تھا۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق فاطمہ نسیم نے بھارتی کھلاڑی دیویا جیوتی سرکار کا 331 پنچز کا سابقہ ریکارڈ توڑتے ہوئے 9 پنچز زیادہ لگائے۔
فاطمہ نسیم نے اسٹریچنگ کیٹیگری میں بھی ایک اور عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا، جس میں انہوں نے دو کرسیوں کے درمیان ایک منٹ 45 سیکنڈ تک توازن برقرار رکھا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ایک منٹ 30 سیکنڈ کا تھا۔
ان دونوں کامیابیوں کے بعد فاطمہ نسیم کے گنیز ورلڈ ریکارڈز کی تعداد 10 ہوگئی ہے اور وہ 10 عالمی ریکارڈ بنانے والی پاکستان کی پہلی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔

