ہری پور میں انتخابی بے ضابطگی کیس: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا الیکشن کمیشن طلب

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 18 ہری پور میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو طلب کرلیا ہے۔

الیکشن کمیشن ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مختلف کیسز کی سماعت 10 دسمبر کو کرے گا، اس سلسلے میں فریقین کو نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔سابق اپوزیشن لیڈر کی اہلیہ شہرناز عمر ایوب کی جانب سے بھی انتخابی بے ضابطگیوں کی درخواست پر سماعت ہو گی، جس میں جعل سازی اور فارم 47 فراہم نہ کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

ضمنی انتخاب کے نتائج کی فوری دوبارہ گنتی اور نتائج کی کنسولیڈیشن کا نوٹس جاری نہ کرنے کے خلاف درخواستیں بھی سماعت کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔اسی طرح مسلم لیگ (ن) کے رہنما مرتضیٰ جاوید عباسی کی ڈی ایم او ایبٹ آباد کے فیصلے کیخلاف اپیل بھی مقرر کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن نے حُذیفہ رحمٰن کی ڈی ایم او ڈیرہ غازی خان کے حکم کے خلاف اپیل جبکہ حلقہ پی پی 269 مظفرگڑھ کے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر ری کاؤنٹنگ اور ری پولنگ کی درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر کر دی ہے۔محمد اقبال کی جانب سے حلقہ 269 میں ری پولنگ کی درخواست پر بھی سماعت کی جائے گی۔