ہر بے گناہ پاکستانی کے خون کا بدلہ ضرور لیا جائے گا: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

پشاور (آئی ایس پی آر / ویب ڈیسک)چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے تمام سہولت کاروں، مددگاروں اور مجرموں کو ہر قیمت پر اور بغیر کسی رعایت کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر بے گناہ پاکستانی کے خون کا بدلہ ضرور لیا جائے گا اور پاکستان کی داخلی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے پشاور کور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں سیکیورٹی صورتحال اور انسداد دہشت گردی آپریشنز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

کور ہیڈ کوارٹر آمد پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے بنوں گیریژن کے شہدا کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور سی ایم ایچ بنوں میں زخمی اہلکاروں کی عیادت بھی کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے خلاف برسرپیکار سیکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ:

“پاکستان کے عوام دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مکمل طور پر متحد ہیں، اور اس خطرے کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔”

انہوں نے ریاستی مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ”ہم خطے میں دہشت گردی کے اصل چہروں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے اور ملک کی سلامتی کو کمزور کرنے والی ہر کوشش کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیں گے۔”

فیلڈ مارشل نے خیبرپختونخوا پولیس سمیت دیگر سویلین قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیتوں کو بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ حکومتی اسٹیک ہولڈرز اس معاملے کو اپنی اولین ترجیح بنائیں، اور فوج اس ضمن میں مکمل معاونت جاری رکھے گی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل شمالی وزیرستان، میر علی میں ایک خودکش حملے کے نتیجے میں 13 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 14 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔ واقعے کے بعد پاکستان بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں