اسلام آباد(نامہ نگار)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے ہر رکن پارلیمنٹ کو 10 افراد کیلئےحج کوٹہ دینے کی تجویز دے دی۔ کمیٹی کا اجلاس پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن شگفتہ جمانی کی زیر صدارت ہوا، جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے آن لائن شرکت کی۔
اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی نے مؤقف اختیار کیا کہ ہر ممبر پارلیمنٹ کو 10 افراد کے نام وزارت مذہبی امور کو بھجوانے کی اجازت دی جائے، یہ نام لیٹر ہیڈ پر ارسال کیے جائیں اور اسے حج کوٹہ کا نام نہ دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے اراکین پارلیمنٹ بھی خوش ہوں گے اور ثواب بھی حاصل ہوگا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے اجلاس میں کہا کہ اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے حج کیلئے بھیجے گئے تجویز کردہ ناموں کو قبول کیا گیا ہے، وزیر مملکت کی جانب سے بھی موصول ہونیوالے نام شامل کیے گئے ہیں۔کمیٹی کی چیئرپرسن شگفتہ جمانی نے کہا کہ اب حج کیلئےہر رکن پارلیمنٹ کو 10 نام بھجوانے کی اجازت دی جانی چاہیے۔

