ہر عطیہ کے ساتھ دوگنا مدد: افّان کی زندگی کی بڑی جنگ کیلئے گمنام پیشکش

ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی)ایک دل کو چھو لینے والی عطیہ مہم میں نیا موڑ اُس وقت آیا جب 17 جولائی کو ایک گمنام عطیہ دہندہ نے اعلان کیا کہ وہ افّان کی مدد کیلئے جمع ہونے والے ہر نئے عطیہ کو 15000ڈالر تک دوگنا کرے گا۔ اگلے 10 دنوں کیلئے ہر ایک ڈالر کی مدد دو ڈالر بن جائیگی — اور اس مہم کا ہدف اب ابتدائی 25000ڈالر سے بڑھا کر 40000ڈالر کر دیا گیا ہے تاکہ نہ صرف اصل ضرورت پوری ہو سکے بلکہ عطیہ دہندہ کی سخاوت کا بھرپور فائدہ بھی اٹھایا جا سکے۔

افّان کی کہانی: ہمت، محبت اور خوابوں کا سفر

یہ مہم عدینہ رزاق نے اپنے 20 سالہ بڑے بھائی افّان کیلئے شروع کی ہے جو دسمبر 2024 سے دماغ کے چوتھے درجے کے کینسر کا سامنا کر رہے ہیں۔ افّان نہ صرف ایک باصلاحیت باسکٹ بال کھلاڑی ہیں جنہوں نے امریکہ میں D1 اسکالرشپ حاصل کی بلکہ وہ ایک ایسا نوجوان ہیں جو ہر دلعزیز، خوش مزاج، اور دوسروں کو جوڑنے والی شخصیت کے حامل ہیں۔

عدینہ بھائی کی تعریف کرتے ہوئے کہتی ہیں”افّان وہ انسان ہے جو اجنبیوں سے بھرے کمرے میں داخل ہو کر سب کو دوست بنا لیتا ہے۔ اس کی مسکراہٹ، اس کی باتیں، اور اس کا حوصلہ ہر دل میں گھر کر لیتا ہے۔”

افّان کی زندگی اس وقت سرجری، علاج اور اسپتال کے مسلسل دوروں میں گھری ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود انہوں نے کبھی ہار نہیں مانی۔ ان کا خاندان ہر قدم پر ان کے ساتھ ہے لیکن اب انہیں دنیا بھر سے دعاؤں، محبت، اور مالی مدد کی ضرورت ہے۔

مدد کیجیے — ہر عطیہ دوگنا ہوگا

یہ مہم صرف ایک مالی تعاون کا ذریعہ نہیں، بلکہ ایک محبت بھرا پیغام ہے کہ افّان تنہا نہیں ہیں۔ آپ کی طرف سے دی جانے والی دعا، عطیہ یا شیئر — ہر عمل ان کیلئے امید کی کرن ہے۔

یہ جمع ہونے والی رقم اسپتال، علاج، آمد و رفت اور دیگر غیر متوقع اخراجات کیلئے استعمال کی جائے گی تاکہ افّان کے اہلِ خانہ ان کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزار سکیں اور انہیں سکون و اعتماد فراہم کر سکیں۔

“اللہ تعالیٰ افّان کے درد کو آسان کرے، ان کے دل کو سکون دے، اور ان کی زندگی میں شفایابی کا نور لے کر آئے۔ آمین۔”

https://www.gofundme.com/f/support-affans-fight-off-the-court-cancer-battle

اپنا تبصرہ لکھیں