شملہ (ایجنسیاں)بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے دارالحکومت شملہ میں واقع اندرا گاندھی میڈیکل کالج (آئی جی ایم سی) کے ایک ڈاکٹر پر بیڈ پر لیٹے مریض کو جسمانی تشدد کا نشانہ بنانے کا سنگین الزام عائد کیا گیا ہے۔ یہ واقعہ پیر کے روز پیش آیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شدید ردِعمل سامنے آیا۔
متاثرہ مریض ارجن پنوار کے مطابق وہ طبی ٹیسٹ کے لیے اسپتال آیا تھا اور برونکو اسکوپی کے بعد سانس لینے میں دشواری محسوس کر رہا تھا، اسی دوران وہ ایک دوسرے وارڈ کے بستر پر لیٹ گیا۔ مریض نے بتایا کہ بغیر کسی وجہ کے ڈاکٹر نے بدتمیزی شروع کر دی اور آکسیجن مانگنے پر سوالات اٹھانے لگے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکٹر بار بار مریض کو مارتا ہے جبکہ مریض بستر پر لیٹا خود کو بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ واقعے کے بعد اسپتال میں بڑی تعداد میں لوگ جمع ہو گئے اور ملزم ڈاکٹر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
اسپتال انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات کیلئے تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے، جو چند گھنٹوں میں رپورٹ پیش کریگی۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے مطابق ملزم ڈاکٹر کیخلاف ایف آئی آر بھی درج کر دی گئی ہے۔

