“ہم کسی آپریشن کی اجازت نہیں دیں گے “: گنڈاپور کا پشاور جلسے سے خطاب

پشاور (بیورورپورٹ+ اے ایف پی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ان کی حکومت صوبے میں کسی بھی فوجی آپریشن کی حمایت نہیں کرتی۔ پشاور میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ “ہم کسی آپریشن کی اجازت نہیں دیں گے اور نہ ہی اس کی حمایت کرتے ہیں۔”

پشاور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وفاقی حکومت سن لے کہ صوبائی حکومت آپریشن یا عوام کے بے گھر ہونے کی حمایت نہیں کرے گی۔ انہوں نے وفاقی اداروں پر زور دیا کہ وہ افغانستان سے بات چیت کے ذریعے دہشت گردی کا مسئلہ حل کریں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ “ہم جنگ نہیں چاہتے اور اس کے خلاف آواز بلند کریں گے۔” اس موقع پر انہوں نے عدلیہ سے بھی مطالبہ کیا کہ آئین کے مطابق انصاف فراہم کرے اور عمران خان، ان کی اہلیہ اور عوام کو انصاف دیا جائے۔

گنڈاپور نے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ “یہ آپ پر لازم ہے کہ آپ اپنا کردار ادا کریں اور عمران خان کا مسئلہ حل کریں۔”

جلسے میں پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید نے اعلان کیا کہ عمران خان کے ویڈیو پیغامات دکھائے جائیں گے۔ بعدازاں، ایک پرانی عوامی تقریب کی ویڈیو چلائی گئی جس میں عمران خان کا خطاب تھا۔ پارٹی رہنما اعظم سواتی نے بھی خطاب کیا اور عہد کیا کہ وہ عمران خان کی رہائی تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

پی ٹی آئی کے مطابق کارکنان ملک بھر سے پشاور پہنچے۔ جلسے کو ٹی وی چینلز پر براہ راست نشر نہیں کیا گیا تاہم پارٹی نے تقریب کو سوشل میڈیا پر لائیو نشر کیا۔

پشاور پولیس کے مطابق جلسے کیلئے ایک ہزار 451 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے جب کہ 508 ٹریفک اہلکاروں کو بھی مختلف مقامات پر ڈیوٹی پر مامور کیا گیا۔ سیکیورٹی انتظامات کے تحت جلسہ گاہ کے اطراف عمارتوں کی چھتوں پر اسنائپر شوٹرز بھی تعینات کیے گئے۔

جلسے سے قبل عمران خان کی بہن علیمہ خان، صوبائی صدر جنید اکبر اور دیگر رہنماؤں نے مقام کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں