سنگاپور(این ڈی ٹی وی)بولی وڈ فلم گینگسٹر کے مقبول گانے یا علی سے شہرت حاصل کرنے والے بھارتی گلوکار زوبین گرگ سنگاپور میں اسکوبا ڈائیونگ حادثے کے باعث انتقال کر گئے۔ حادثے کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔
بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق ریاست آسام سے تعلق رکھنے والے معروف گلوکار زوبین گرگ سنگاپور میں اسکوبا ڈائیونگ کے دوران سانس لینے میں دشواری کا شکار ہوئے۔ ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر انہیں سی پی آر فراہم کیا اور سنگاپور جنرل ہسپتال منتقل کیا، جہاں وہ انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج رہے لیکن جانبر نہ ہوسکے۔
زوبین گرگ 20 اور 21 ستمبر کو ہونے والے چوتھے نارتھ ایسٹ انڈیا فیسٹیول میں پرفارم کرنے کیلئےسنگاپور میں موجود تھے۔ حادثے سے دو دن قبل انہوں نے انسٹاگرام پر پوسٹ کے ذریعے اپنے مداحوں کو پرفارمنس کی اطلاع دی تھی۔
فیسٹیول کے منتظم انوج کمار بوروا نے زوبین گرگ کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کے فوراً بعد تمام طبی سہولیات فراہم کی گئیں لیکن انہیں بچایا نہ جا سکا۔
زوبین گرگ نہ صرف ہندی فلمی گانوں کیلئےمشہور تھے بلکہ انہوں نے آسامی اور بنگالی زبان میں بھی کئی ہٹ گانے دیے، جن میں چوکھر جولے، پیارے پیارے اور صبحا منگلم شامل ہیں۔ وہ خاص طور پر عمران ہاشمی اور کنگنا رناوت کی فلم گینگسٹر (2006) کے گانے یا علی کی وجہ سے عالمی شہرت حاصل کر چکے تھے۔
زوبین گرگ کی اچانک موت پر بھارتی موسیقی انڈسٹری اور مداحوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے، ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

