یروشلم:امریکی شہریوں کے بحفاظت انخلاء کی ضمانت نہیں دے سکتے:سفارت خانہ

یروشلم (غیر ملکی میڈیا) امریکی سفارت خانے نے کہا ہے کہ اسرائیل میں موجود امریکی شہریوں کے بحفاظت انخلاء کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے بعد خطے میں صورتحال شدید ہوگئی ہے، جس کے پیش نظر یروشلم میں قائم امریکی سفارت خانے نے ہدایت جاری کی ہے کہ تمام امریکی سرکاری ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ آئندہ اطلاع تک اپنے گھروں یا محفوظ مقامات پر رہیں۔

امریکی سفارت خانے کی جانب سے آن لائن جاری سیکیورٹی الرٹ میں کہا گیا ہے کہ اس وقت سفارت خانہ اسرائیل سے امریکی شہریوں کے انخلاء یا براہِ راست معاونت کی پوزیشن میں نہیں ہے۔

سفارت خانے کے مطابق اسرائیلی وزارتِ سیاحت نے گزشتہ روز سے طبہ بارڈر کراسنگ تک شٹل سروس شروع کی ہے، جس کے لیے پیشگی رجسٹریشن ضروری ہے۔ تاہم سفارت خانے نے واضح کیا ہے کہ وہ اس سروس کے حق یا مخالفت میں کوئی سفارش نہیں کر سکتا اور اگر کوئی شہری اس آپشن کے ذریعے روانگی کا انتخاب کرتا ہے تو امریکی حکومت اس کی حفاظت کی ضمانت نہیں دے سکتی۔بیان میں کہا گیا کہ یہ معلومات ان افراد کی سہولت کے لیے فراہم کی جا رہی ہیں جو اسرائیل چھوڑنا چاہتے ہیں۔