یمنی حوثیوں نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے بحیرہ عمان اور خلیج عدن میں 16 بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے امریکہ سے تعلق رکھنے والے ایک جنگی اور 3 سپلائی جہازوں پر حملے کئے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یمنی حوثیوں کے فوجی ترجمان یحییٰ سیری کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ امریکی فوج کے 1 ڈسٹرائر اور 3 سپلائی بحری جہازوں کو بحیرہ عمان اور خلیج عدن میں ہتھیاروں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ 16 بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے کیے گئے ان حملو ں میں اہداف کو ٹھیک نشانہ بنانے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ یمن میں امریکا کی جانب سے حوثیوں کی تنصیبات پر بمباری کی گئی تھی، امریکی سنٹرل کمانڈ آفس‘سینٹ کوم’نے حملوں کی تصاویر بھی جاری کی تھیں۔سینٹ کوم نے 9 اور 10 نومبر کو یمن میں حوثیوں پر کیے گئے فضائی حملوں کی تصاویر شیئر کی تھیں۔
امریکی سنٹرل کمانڈ آفس’سینٹ کوم‘ کے بیان میں کہا گیا تھا ہے کہ حوثیوں کی تنصیبات اور اسلحہ سسٹموں کو فضائی حملوں سے نشانہ بنایا ہے۔جاری کی گئی تصاویر میں حوثیوں کی ایک موبائل میزائل لانچر گاڑی کو فضائی حملے میں تباہ ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔