ابوظہبی (وام/اماراتی میڈیا) متحدہ عرب امارات نے عوامی تحفظ کے حوالے سے نیا قانون نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔اماراتی حکام کے مطابق نئے قانون میں عوامی مقامات اور تقریبات کے لیے حفاظتی قواعد و ضوابط مرتب کیے گئے ہیں۔ یہ قانون یکم جون سے پورے امارات میں نافذالعمل ہوگا، جس کے تحت عوامی مقامات اور ایونٹس میں محفوظ داخلہ اور اخراج کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
نئے قانون کے تحت عوامی مقامات میں مناسب روشنی اور گنجائش کی حد مقرر کی گئی ہے جبکہ تقریبات کے منتظمین کو آگ بجھانے کا سامان رکھنا لازمی ہوگا۔حکام نے ہنگامی انخلاء، فرسٹ ایڈ کی سہولیات اور تربیت یافتہ حفاظتی عملہ تعینات کرنا لازمی قرار دیا ہے۔ پرمٹ کے بغیر دھماکہ خیز مواد یا آتش بازی کا سامان رکھنے پر پابندی ہوگی۔
قانون میں خطرناک یا آتش گیر مادوں کے استعمال اور نقل و حمل پر پابندی عائد کی گئی ہے اور ساحلوں پر مقررہ اوقات میں تیراکی اور ممنوع علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں پر 500 درہم سے 10 لاکھ درہم تک جرمانہ عائد کیا جائے گا، اور ایک ہی سال میں قانون کی دو بار خلاف ورزی پر جرمانہ 20 لاکھ درہم تک پہنچ سکتا ہے۔

