اسلام آباد: قومی اسممبلی اور سینیٹ اجلاس کا ایجنڈا جاری کردیا گیا ، اجلاس ایجنڈے میں آئینی ترامیم شامل نہیں۔ قومی اسمبلی اجلاس کیلئے 3نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ، جس میں آئینی ترامیم شامل نہیں ، وزیر داخلہ محسن نقوی عطائےشہریت ایکٹ1926میں مزیدترمیم کا بل پیش کریں گے اور اعظم نذیرتارڑصدر کےپارلیمان کےدونوں ایوان سےخطاب پراظہارتشکرکی قرار داد پیش کریں گے۔
اجلاس کیلئے پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں سیکیورٹی کی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، سیکیورٹی وجوہات پراجلاس میں مہمانوں کےداخلےپرپابندی عائدکی گئی اور قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی معزز ممبران قومی اسمبلی اجلاس میں مہمان نہ لانے کی درخواست کی گئی ہے۔
دوسری جانب سینیٹ کا اجلاس آج دوپہرساڑھے 12بجے ہوگا، جس کا 5 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ، سینیٹ کے آج کے اجلاس ایجنڈے میں بھی آئینی ترامیم شامل نہیں۔سینیٹ اجلاس میں پراپرٹیز مینجمنٹ ترمیمی بل2024 , حکومتی ملکیتی اداروں کی مینجمنٹ ،گورننس سےمتعلق ترمیمی بل ایجنڈے میں شامل ہیں ، سینیٹر انوشہ رحمان کی جانب سےدونوں بل پیش کیے جائیں گے۔
اجلاس میں سینیٹر عطا الرحمان 7 ستمبر 1974 کے حوالے سے ایک تحریک پیش کریں گے۔گذشتہ روز قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس طلب کئے گئے تھے تاہم حکومت کی جانب سے آئینی ترمیم کے لیے سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث رات گئے اجلاسوں پیر تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔
خیال رہے آئینی ترامیم کی پارلیمان سے منظوری اور نمبرز پورے کرنے کیلئے حکومتی ارکان دن بھر جوڑ توڑ میں مصروف ہیں۔خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بھی آج پھر ہوگا، جس میں آئینی ترامیم کا مسودہ کابینہ اجلاس میں منظورکرایا جائے گا، جس کے بعد مسودہ کمیٹی میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔