آئی سی سی ایونٹس میں پاک-بھارت ٹیموں کو الگ گروپس میں رکھنے کی قیاس آرائیاں مسترد

ممبئی(سپورٹس ڈیسک)بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) نے مستقبل میں ہونیوالے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل مقابلوں میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کو الگ گروپ میں رکھنے کی قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا ہے۔

’کرک بز‘ کی رپورٹ کے مطابق پہلگام میں 22 اپریل کو 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئی سی سی کو ایک خط لکھا ہے۔

گردش گردہ خبروں کے مطابق بی سی سی آئی کی جانب سے خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ آئندہ آئی سی سی ٹورنامنٹس میں بھارت اور پاکستان کو ایک ہی گروپ میں نہ رکھا جائے۔تاہم، بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے ایسی کسی پیش رفت کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ خبر ان کیلئےبھی نئی ہے۔

بی سی سی آئی نے تصدیق کی کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے پہلگام واقعے کے بعد پاک بھارت ٹیموں کو الگ گروپس میں رکھنے کے حوالے سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔رپورٹ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ یہ تمام افواہیں بے بنیاد ہیں اور فی الحال صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ فوری طور پر کوئی بھی آئی سی سی ایونٹ شیڈول نہیں ہے تاہم، ستمبر اور اکتوبر میں ویمنز ورلڈکپ بھارت میں شیڈول ہے جس کے لیے پاکستان کی ویمنز ٹیم پہلے ہی کوالیفائی کرچکی ہے۔

جس کیلئےچیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے دوٹوک الفاظ میں بتادیا تھا کہ معاہدے کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم ویمنز ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے بھارت نہیں جائیگی۔پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونیوالے معاہدے کے تحت آئی سی سی ایونٹس میں دونوں ٹیمیں نیوٹرل وینیو پر مدمقابل ہونگی اور میزبان کو اس مقام کا تعین کرنا ہوگا۔

بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا گزشتہ روز اپنے بیان میں واضح کرچکے ہیں کہ وہ پاکستان کے حوالے سے کرکٹ سے متعلق بھارتی حکومت کے فیصلے پر عمل کریں گے۔

راجیو شکلا نے کہا کہ ہم پہلگام حملے کے متاثرین کے ساتھ ہیں، اور ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، ہماری حکومت جو بھی کہے گی ہم کریں گے، ہم حکومتی موقف کی وجہ سے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ سیریز نہیں کھیلتے، اور ہم آگے چل کر بھی پاکستان کے ساتھ دو طرفہ سیریز میں نہیں کھیلیں گے۔

تاہم، بھارتی بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان کے خلاف ان کی ٹیم میدان میں اُتریگی۔

اپنا تبصرہ لکھیں