آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کی فائنلسٹ ٹیمیں کل پہلے ٹی ٹوئنٹی میں مدمقابل

لیڈز : آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کی دونوں فائنلسٹ ٹیمیں پاکستان اور انگلینڈ کل ہیڈنگلے لیڈز میں پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مدمقابل ہونگی۔چار میچوں کی سیریز کے بقیہ تین میچ 25مئی کو ایجبسٹن برمنگھم 28 مئی کو کارڈف اور 30 مئی کو دی اوول لندن میں ہوں گے۔سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے لیے روانہ ہوں گی۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کا فائنل تھا ۔ میلبرن میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے تھی جس میں سیم کرن بارہ رنز کےعوض تین وکٹوں کی کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے تھے۔گزشتہ ہفتے ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف سیریز دو ایک سے جیتنے کے بعد پاکستان ٹیم ہیڈنگلے میں مکمل طاقت کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ آئرلینڈ کے خلاف سیریز میں شاہین آفریدی پلیئر آف دی سیریز رہے تھے جبکہ دونوں کامیابیوں میں محمد رضوان اور شاہین آفریدی پلیئر آف دی میچ قرار پائے تھے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں انگلینڈ نے19 جیتے ہیں ۔ پاکستان 9 میچ جیتا ہے جبکہ ایک میچ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوا ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی آخری ٹی ٹوئنٹی سیریز انگلینڈ نے چار تین سے اپنے نام کی تھی۔
پاکستان ٹیم کے وائٹ بال کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے 19 مئی کو اپنے دو سالہ دور کی پہلی اسائنمنٹ کے لیے ٹیم کو جوائن کرلیا ہے۔پاکستان کے کپتان بابر اعظم جو 46 فتوحات کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی میں سب سے کامیاب کپتان ہیں، کہتے ہیں مجھے یقین ہے کہ پاکستان آئرلینڈ کی سیریز سے جیت کے مومینٹم کو انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بھی برقرار رکھے گا۔ ڈبلن میں ہماری دو ایک کی فتح نے ہمارے بیٹرز اور بولرزکی صلاحیتوں کو ظاہر کیا، ساتھ ہی ہمیں سیکھنے کا موقع بھی فراہم کیا کیونکہ ہم اپنے شعبوں میں بہتری کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں ۔ ہم نے ہیڈنگلے میں اہم ٹریننگ سیشنز کیے ہیں اور ہیڈ کوچ گیری کرسٹن بھی اب اسکواڈ کے ساتھ موجود ہیں اور اب ہماری پوری توجہ اس سیریز اور اس کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر مرکوز ہے۔
انگلینڈ اسکواڈ:جوز بٹلر (کپتان) معین علی جوفرا آرچر، جونی بیرسٹو، ہیری بروک، سیم کرن، بین ڈکٹ، ٹام ہارٹلی، ول جیکس، کرس جارڈن، لیئم لیونگ سٹن، عادل رشید، فل سالٹ، ریز ٹوپلے اور مارک ووڈ۔
پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، ابرار احمد، اعظم خان، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عباس آفریدی، محمد عامر، محمد رضوان، محمد عرفان خان، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان خان
سیریز کا شیڈول:
22 مئی . پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل لیڈز
25 مئی .دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ، برمنگھم
28 مئی.تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کارڈف
30 مئی . چوتھا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اوول۔

اپنا تبصرہ لکھیں