آزادی صحافت کےلیے کام کرنے والے عالمی نیٹ ورک انٹرنیشنل پریس انسٹیٹیوٹ (آئی پی آئی) نے صحافیوں کی حفاظت پر زور دیتے ہوئے امریکا سے صحافیوں کی جاسوسی کے نئے عالمی معاہدے کی مخالفت کرنے کا مطالبہ کردیا۔
آئی پی آئی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ آئی پی آئی امریکا پر زور دیتا ہے کہ وہ جاسوسی و نگرانی کے نئے عالمی معاہدے کو مسترد کرے۔
انٹرنیشنل پریس انسٹیٹوٹ کے مطابق اس معاہدے کے تحت حکام کو وسیع پیمانے پر جاسوسی و نگرانی کے اختیارات دیے جائیں گے اور آمرانہ حکومتوں کو پریس کو نشانہ بنانے اور دبانے کےلیے مزید آلات فراہم کیے جائیں گے۔
آئی پی آئی نے اپنے بیان میں کہا کہ “ہم امریکا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس خطرناک معاہدے کو مسترد کرے۔ امریکا کو صحافیوں، آزادی صحافت اور دنیا بھر میں جمہوریت کے حق میں کھڑا ہونا چاہیے۔”
آئی پی آئی نے اپنے بیان میں مختلف صحافتی تنظیموں کو بھی ٹیگ کیا اور اس اقدام کی حمایت کی درخواست کی۔
واضح رہے کہ یہ پیغام ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب عالمی سطح پر آزادی صحافت کے خلاف نگرانی کے متنازع قوانین سامنے آئے ہیں۔