آزاد کشمیر: پی ٹی آئی کے 10 وزرا پیپلز پارٹی میں شامل، حکومت سازی کیلئے تعداد مکمل

اسلام آباد/مظفرآباد(نمائندہ خصوصی) – پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے آزاد کشمیر فارورڈ بلاک کے 10 ارکان نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا، جس کے بعد پیپلز پارٹی کو آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کیلئے درکار مطلوبہ تعداد پوری ہوگئی۔

ابتدائی طور پر آزاد کشمیر حکومت کے 5 وزرا نے پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی مرکزی صدر فریال تالپور سے زرداری ہاؤس، اسلام آباد میں ملاقات کی۔

اب 53 رکنی آزاد کشمیر اسمبلی میں پیپلز پارٹی کو 27 ارکان کی حمایت حاصل ہے، جب کہ مسلم لیگ (ن) کے 9، تحریک انصاف کے 5، اور 2 علاقائی جماعتوں کے ایک ایک رکن موجود ہیں۔ وزیر اعظم انوار الحق کی قیادت میں پی ٹی آئی کے منحرف گروپ کی تعداد کم ہو کر 10 رہ گئی ہے۔

پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی چوہدری قاسم مجید نے بتایا کہ اب پارٹی ایک پُراعتماد پوزیشن میں ہے اور موجودہ وزیر اعظم انوار الحق کو رخصت کر کے اپنے ہی اراکین میں سے ایوان کا نیا قائد منتخب کیا جا سکتا ہے۔

پی ٹی آئی کے 10 ارکان میں‌بیرسٹر سلطان محمود کے گروپ کے 5 اراکین میں یاسر سلطان، چوہدری ارشد، چوہدری اخلاق، چوہدری محمد رشید، سردار محمد حسین،کوٹلی سے ظفر اقبال ملک شامل ہیں جبکہ مہاجر حلقوں سے عبدالمجید خان، چوہدری اکبر ابراہیم، عاصم شریف بٹ اورپونچھ ڈویژن سے سردار فہیم ربانی ہیں.

فریال تالپور نے نئے اراکین کا خیرمقدم کیا اور ان پر اعتماد کا اظہار کیا، کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ آزاد کشمیر کے عوام کی سچی نمائندہ جماعت رہی ہے۔حکومت سازی کیلئےوفاقی وزیر احسن اقبال، سینیٹر رانا ثنا اللہ اور وفاقی وزیر امیر مقام پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دی گئی، جو آزاد کشمیر میں حکومت سازی اور دیگر سیاسی معاملات پر نظر رکھے گی۔

گزشتہ روز صدر آصف علی زرداری نے آزاد کشمیر میں عدم اعتماد کی تحریک اور حکومت بنانے کی منظوری دی تھی۔ مسلم لیگ (ن) نے حکومت سازی میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا، جبکہ پیپلز پارٹی کے ارکان کی تعداد بڑھنے کے بعد حکومت سازی کے لیے مطلوبہ نمبرز مکمل ہوگئے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں