اندور (ایجنسیاں)آسٹریلوی خواتین کی ورلڈ کپ کرکٹ ٹیم کی دو کھلاڑیوں کے ساتھ بھارت میں مبینہ طور پر نازیبا حرکت کی گئی۔ واقعے کے بعد ایک شخص کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی صبح ٹیم کے ہوٹل کے قریب پیش آیا، ایک دن بعد جب آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ متاثرہ کھلاڑیوں کو فلاحی اور نفسیاتی مدد فراہم کی گئی ہے، اور خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ ٹورنامنٹ جاری رکھنے کیلئے تیار ہیں۔
آسٹریلیا کا گروپ مرحلے کا میچ جنوبی افریقہ کے خلاف اسی شہر میں ہفتہ کو کھیلا گیا۔
کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان نے کہا”کرکٹ آسٹریلیا تصدیق کرتا ہے کہ آسٹریلوی خواتین ٹیم کی دو رکن کھلاڑیوں کو اندور میں کیفے کی طرف جاتے ہوئے ایک موٹر سائیکل سوار نے نامناسب طریقے سے چھوا۔ یہ واقعہ ٹیم کی سیکیورٹی نے پولیس کو رپورٹ کیا، جو معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔”
“بھارتی پولیس کے مطابق”
راجیش ڈنڈوتیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس، نے خبر رساں ایجنسی ANI کو بتایا کہ “خواتین آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سیکیورٹی افسران نے شکایت درج کرائی کہ ٹیم کی دو رکن کھلاڑیوں کے ساتھ نامناسب رویہ اپنایا گیا۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ “ملزم کی شناخت کی گئی اور ایک جامع حکمت عملی کے تحت اسے گرفتار کر لیا گیا۔”
ملزم پر بھارتی فوجداری قانون کی شقیں 74 اور 78 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جو خواتین کے ساتھ جرم کے ارادے سے تشدد یا جنسی حیا کو مجروح کرنے کے جرم اور تعاقب (stalking) سے متعلق ہیں۔
بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت ساکیا نے کہا”یہ انتہائی قابل مذمت لیکن الگ واقعہ ہے۔ ہم مدھیہ پردیش ریاستی پولیس کی بروقت کارروائی کی تعریف کرتے ہیں۔ قانون اپنا کام کریگااور ملزم کو سزا ملے گی۔”
انہوں نے مزید کہا”ہم اپنی سیکیورٹی پروٹوکول کا دوبارہ جائزہ لیں گے تاکہ حفاظت کو مزید سخت کیا جا سکے۔ ہماری بہترین کوششوں کے باوجود یہ واقعہ پیش آیا اور ہم اس کی سخت مذمت کرتے ہیں۔”
مدھیہ پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن نے جاری بیان میں کہا”ہم آسٹریلوی خواتین ٹیم کے ساتھ پیش آنے والے اس افسوسناک اور قابل تشویش واقعے پر گہرا دکھ اور صدمہ محسوس کر رہے ہیں۔ میزبان ہونے کے ناطے، مدھیہ پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن آسٹریلوی ٹیم سے معافی کی طلبگار ہے۔”
آسٹریلیا کی ٹیم نے اس ٹورنامنٹ کے دوران زیادہ تر وقت اندور میں گزارا جہاں ان کی جنوبی افریقہ کیخلاف یہ میچ ہولکار اسٹیڈیم میں ان کا تیسرا مقابلہ تھا۔ کھلاڑی اتوار کو یہاں سے روانہ ہوجائینگی اور ان کا سیمی فائنل جمعرات کو ناوی ممبئی میں بھارت کیخلاف شیڈول ہے۔

