آسٹریلوی سیاح بزرگ جوڑا لاہور پہنچ گیا

102 سال پرانی کار میں دنیا کی سیاحت پر نکلا بزرگ آسٹریلوی جوڑا لاہور پہنچ گیا۔

76 سالہ آسٹریلوی بزرگ لینگلی کڈبے اور ان کی ہم عمر اہلیہ بیورلی کڈبے پر مشتمل آسٹریلوی بزرگ سیاح جوڑے کے کوآرڈینیٹر محسن اکرام نے کہا ہے کہ بزرگ آسٹریلوی جوڑا آج آرام اور لاہور کے تاریخی مقامات کی سیر کرے گا۔

محسن اکرام کا کہنا ہے کہ بزرگ آسٹریلوی سیاح جوڑا 30 مئی کو لاہور واہگہ بارڈر سے بھارت جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی جوڑے نے گرمی کے باعث جیکب آباد سے اپنی اوپن کار میں سفر ترک کیا تھا، سیاح جوڑے کی کار بھی جیکب آباد سے ٹرک کے ذریعے لاہور پہنچا دی گئی۔

واضح رہے کہ 76 سالہ سیاح آسٹریلوی جوڑا 102 سال پرانی 1922ء ماڈل کی کار میں لندن سے میلبورن کے سفر پر نکلا ہے۔

یکم اپریل کو 76 سالہ آسٹریلوی بزرگ لینگلی کڈبے نے اپنی ہم عمر اہلیہ بیورلی کڈبے کے ہمراہ لندن سے برطانیہ تا آسٹریلیا کے سفر کا آغاز 102 سالہ پرانی کار میں کیا ہے۔

یہ دونوں فرانس، بیلجیئم ، لیکسمبرگ، جرمنی، آسٹریا، سلووینیا، کروشیا، سربیا، بلغاریہ ، ترکیہ اور ایران سمیت کئی ممالک سے ہوتے ہوئے پاکستان پہنچے ہیں۔

بزرگ آسٹریلوی سیاح جوڑا پاک ایران سرحدی شہر تفتان میں بارڈر سے دالبندین میں داخل ہوا تھا، جسے تفتان سے دالبندین تک انتظامیہ نے سیکیورٹی فراہم کی، جمعے کی رات کو یہ کوئٹہ میں داخل ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں