سڈنی (ایجنسیاں) آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے بونڈی بیچ پر فائرنگ کے واقعے کے دوران ایک حملہ آور کو پکڑنے والے بہادر شہری کی شناخت سامنے آگئی ہے۔ آسٹریلوی میڈیا کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے میں 12 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوئے۔
آسٹریلوی پولیس نے واقعے کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک حملہ آور بھی شامل ہے جبکہ دوسرے حملہ آور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے دوران موقع پر موجود ایک شہری نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر حملہ آور پر قابو پایا اور اس سے اسلحہ چھین لیا، جس کے باعث متعدد افراد کی جانیں بچ گئیں۔
آسٹریلوی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس بہادر شہری کی شناخت 43 سالہ احمد ال احمد کے نام سے ہوئی ہے، جو مسلمان ہیں، سڈنی میں پھلوں کی دکان چلاتے ہیں اور دو بچوں کے والد ہیں۔
رپورٹس کے مطابق حملہ آور کو قابو میں کرنے کی کوشش کے دوران احمد ال احمد کے بازو پر دو گولیاں لگیں، جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
سوشل میڈیا پر واقعے کی ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں جن میں احمد ال احمد کو حملہ آور پر قابو پاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ صارفین کی جانب سے ان کی بہادری کو سراہا جا رہا ہے جبکہ آسٹریلوی میڈیا میں انہیں ہیرو قرار دیا جا رہا ہے۔

