سڈنی(نامہ نگار)آسٹریلیا میں تقریباً 5 لاکھ افراد ویڈیو گیمز کے عادی ہو چکے ہیں ۔ ماہرین کے مطابق اضطراب (Anxiety) اور ADHD میں مبتلا افراد گیمنگ ایڈکشن کے زیادہ شکار ہوتے ہیں کیونکہ آن لائن دنیا میں انہیں حقیقی دنیا کے مقابلے میں کنٹرول، خود اعتمادی اور وابستگی کا زیادہ احساس ملتا ہے۔
آسٹریلیا کے پہلے سرکاری اسپتال میں قائم ویڈیو گیم ایڈکشن کلینک میں ایسے افراد کا علاج کیا جاتا ہے جو حقیقی اور ورچوئل دنیا میں فرق کرنے میں مشکل محسوس کرتے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پرتھ شہر میں تین سال قبل قائم ہونے والے اس کلینک میں اب تک تقریباً 300 افراد کا علاج کیا جا چکا ہے، جن میں اکثریت کی عمر 15 سے 19 سال کے درمیان ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کچھ افراد منشیات یا الکحل کے عادی ہو جاتے ہیں، اسی طرح بعض لوگ گیمنگ یا سوشل میڈیا کے بھی عادی ہو جاتے ہیں۔ اس لیے معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ اس رجحان کی بروقت روک تھام کی جائے۔نفسیاتی ماہرین اور بچوں کے معالجین متاثرہ افراد کو معمول کی زندگی کی طرف واپس لانے کے لیے گروپ تھراپی کا استعمال کرتے ہیں۔

