آسٹریلیا کے ویزے کیلئے اب ایپ کے ذریعے درخواست دی جاسکے گی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)آسٹریلوی حکومت نے کہا ہے کہ ویزا کے درخواست گزار اب آسٹریلین اِمی ایپ کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں، جو انہیں اپنے فون کے ذریعے چہرے کی بائیومیٹرک معلومات اور پاسپورٹ کی تفصیلات براہِ راست جمع کرانے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

پاکستان میں آسٹریلوی ہائی کمشنر ٹِم کین نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ پاکستان سے ویزے کی درخواست دینا اب پہلے کی نسبت کہیں زیادہ آسان ہوگیا ہے، اور اس کے ساتھ آسٹریلیا کے ڈیپارٹمنٹ آف ہوم افیئرز کی ویب سائٹ کا لنک بھی شیئر کیا۔

محکمۂ داخلہ کے مطابق Immi App اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں پر دستیاب ہے اور اہل درخواست گزاروں کو پاسپورٹ کی تفصیلات اور چہرے کی تصویر فراہم کرنے کی سہولت دیتی ہے۔ ایپ کے ذریعے بائیومیٹرکس فراہم کرنے کے لیے درخواست گزار کے پاس متعلقہ خط، ویزا لاجمنٹ نمبر (VLN) اور درست پاسپورٹ ہونا ضروری ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ درخواست گزار کے موبائل فون میں لوکیشن ایکسیس، این ایف سی اور کیمرہ کی اجازت فعال ہونا چاہیے تاکہ شناختی تصدیق کا عمل مکمل ہوسکے۔ اس سلسلے میں پانچ مراحل پر مشتمل رہنما ہدایت نامہ بھی جاری کیا گیا ہے۔

ویب سائٹ کے مطابق Australian Immi App پاسپورٹ کی تفصیلات اور چہرے کی تصاویر براہِ راست ڈیپارٹمنٹ آف ہوم افیئرز کو بھیجتی ہے، اور اگر سسٹم میں کوئی خرابی نہ ہو تو درخواست گزار کا اکاؤنٹ 24 گھنٹے کے اندر اپ ڈیٹ ہو جاتا ہے۔