ایتھنز (نمائندہ خصوصی)یونانی دارالحکومت ایتھنز میں پاکستان کے قومی دن اور عسکری فتح کے حوالے سے سفارتخانہ پاکستان ایتھنز کے زیراہتمام پروقار تقریب، کا انعقاد کیا گیا تقریب میں مختلف ممالک کے سفارتکاروں سمیت اعلی عسکری نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ تقریب کا مقصد پاکستان کے قومی دن کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور پاکستان یونان تعلقات کو مزید مضبوط بنانا تھا۔
تقریب میں یونانی پارلیمنٹیرین پاک یونان فرینڈشپ گروپ کی صدر بھی شامل تھیں، جنہوں نے اپنے خطاب میں دونوں ممالک کے مابین دوستانہ تعلقات اور باہمی تعاون پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کی مثبت الفاظ میں تعریف کی۔
یونان میں تعینات پاکستانی سفیر محمد عامر آفتاب قریشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی دن کی تاریخی اہمیت اور پاکستان کے قیام کے پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور علاقائی استحکام اور بین الاقوامی تعاون کے اصولوں پر کاربند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یونان اور پاکستان کے تعلقات میں وقت کے ساتھ مزید بہتری آ رہی ہے اور دونوں ممالک مختلف شعبہ جات میں تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔
حالیہ جنگی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے تقریب میں بین الاقوامی مہامنوں کو بتایا کہ بھارت نے جنگی وحشی جنون میں بےگناہ پاکستانی شہریوں اور معصوم بچوں کو شہید کیا گیا اور نہ صرف پاکستان کی خودمختاری، امن و سالمیت بلکہ خطے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، جس کے جواب میں پاکستانی افواج نے بھارت کو بھرپور منہ توڑ جواب دیا۔
تقریب میں بھارتی جارحیت میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کیلئےایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔تقریب میں سفارتی برادری، یونانی حکومت و فوج کے نمائندگان، پاکستان کے دفاعی اتاشی، مقامی صحافی اور پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب میں آنے والے مہمانوں کی تواضع پاکستانی روایتی کھانوں سے کی گئی اور پاکستانی علاقائی دھنوں پر خوبصورت گیت پیش کئے گئے جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔ اس کے علاوہ تقریب میں آنے والے مہمانوں نے پاکستانی اشیاء کے لگائے گئے مختلف اسٹالز میں بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان ڈے کا خصوصی کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں پاکستان کی جانب سے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کو قومی فتح کے طور پر بھرپور انداز میں منایا۔

