آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت امتِ مسلمہ کیلئےسانحہ ہے:مخدوم سید احمد محمود

ملتان (نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر اور سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر کی شہادت کی خبر نہ صرف ایران بلکہ پوری امتِ مسلمہ اور عالمی برادری کے لیے ایک صدمہ انگیز سانحہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال انتہائی نازک اور پیچیدہ ہو چکی ہے۔ ایران، اسرائیل اور خلیجی خطے میں بڑھتی کشیدگی کسی بھی وقت وسیع تر تصادم میں تبدیل ہو سکتی ہے، جس کے اثرات پورے مشرقِ وسطیٰ، جنوبی ایشیا اور عالمی امن پر مرتب ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ اور طاقت کا استعمال مسائل کا حل نہیں بلکہ مزید تباہی اور عدم استحکام کو جنم دیتا ہے۔

مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع اجتماعی ضمیر پر بوجھ ہے اور اس نازک مرحلے پر تمام فریقین کو تحمل، دانشمندی اور سفارتی راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ انہوں نے عالمی برادری، خصوصاً اقوامِ متحدہ اور بڑی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ فوری جنگ بندی اور مذاکرات کی راہ ہموار کی جائے تاکہ خطہ مزید خونریزی سے محفوظ رہ سکے۔

دریں اثناء پاکستان پیپلز پارٹی فیڈرل کونسل کے رکن و چیف کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادر شاہین اور میڈیا کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب محمد سلیم مغل نے بھی آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں تاریخ میں ایک ثابت قدم اور اپنے مؤقف پر استقامت رکھنے والے رہنما کے طور پر یاد رکھا جائے گا اور ان کی سیاسی و مذہبی میراث کو عزت و عزم کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔

پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ سفارتی و اخلاقی اصولوں کی بنیاد پر خطے میں امن اور استحکام کی حمایت کی ہے۔ اس وقت پاکستان کو داخلی اتحاد، قومی ہم آہنگی اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے مذہبی و سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی اور عوام سے اپیل کی کہ جذباتیت سے گریز کریں اور کسی بھی قسم کی بدامنی یا تشدد سے دور رہیں، کیونکہ قومی اتحاد اور پرامن رویہ ہی موجودہ حالات میں پاکستان کی اصل طاقت ہے۔