ابوظبی: 2025 میں رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں ریکارڈ تیزی

ابوظبی(بیورورپورٹ)ابوظبی کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں 2025 میں ریکارڈ تیزی دیکھی گئی، جس کے اعداد و شمار ابوظبی رئیل اسٹیٹ سینٹر نے جاری کیے ہیں۔اماراتی حکام کے مطابق سال 2025 میں رئیل اسٹیٹ میں 142 ارب درہم کے سودے ہوئے، جبکہ تعمیراتی لین دین کی تعداد میں 52 فیصد اضافہ ہوا۔ خرید و فروخت کے سودے 99.4 ارب درہم تک پہنچ گئےاور مارگیج لین دین کی مالیت 42.7 ارب درہم ریکارڈ ہوئی۔

حکام نے بتایا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوا اور یہ 8.2 ارب درہم تک پہنچ گئی، جس میں سرمایہ کاری زونز میں غیر ملکی حصہ 72 فیصد رہا۔ غیر ملکی سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت 54.13 ارب درہم رہی۔مزید برآں، سال 2025 میں 56 نئے رئیل اسٹیٹ پروجیکٹس رجسٹر ہوئے، اور رئیل اسٹیٹ پروفیشنل لائسنسز میں 57.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں کل 3566 رئیل اسٹیٹ پروفیشنل لائسنسز جاری کیے گئے۔