ابھیجیت کا شاہ رخ خان کے ساتھ اختلافات کم کرنے پر آمادگی کا اظہار

بھارتی گلوکار ابھیجیت بھٹاچاریہ نے شاہ رخ خان کے ساتھ اپنے اختلافات کم کرنے پر آمادگی کا اظہار کردیا۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک انٹرویو میں ابھیجیت بھٹاچاریہ نے شاہ رخ خان کے ساتھ اپنے اختلافات اور دیگر کئی معاملات پر گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے اختلافات ضروری تھے اگر وہ نہ ہوتے تو لنگی ڈانس کیسے سامنے آتا؟ موسیقی بھی خود کرلیں گے، اُس میں کیا ہے، گا بھی خود لیں گے کیونکہ بولتے ہی ہیں، شاہ رخ کا گانا ہے تو گا بھی لیں گے۔بھارتی گلوکار نے مزید کہا کہ کنگ خان میرے سارے گانے گا سکتے ہیں کیونکہ ہٹ کا سارا کریڈٹ گلوکار کے بجائے اداکار کو جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں شاہ رخ کے ساتھ معاملات بہتر کرنے اور اُن کے لیے گانے کےلیے تیار ہوں ہم نہیں لڑرہے ہیں لیکن کچھ گھٹیا لوگ جو اس معاملے میں شامل ہونے پر بضد ہیں، کی وجہ سے صورتحال خراب ہوتی جارہی ہے۔

ابھیجیت بھٹا چاریہ نے اعتراف کیا کہ میں نے اُس وقت اپنا آپا کھو بیٹھا تھا، یہ فلم یس باس کے بعد ہوا، میں بہت چوزی ہوگیا تھا، صرف بڑے گانے گانا چاہتا تھا، میں عجیب صورتحال سے نکلنے کےلیے جھوٹ بولنے لگا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے لگا کہ میں اپنے راستے پر ہوں لیکن میرے فیصلے غلط تھے لیکن شاہ رخ خان کے لیے گانے کے معاملے مخلص تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں