احتجاج کو ایک طرف رکھیں، بانی کی صحت ایک طرف ہے:علی محمد خان

اسلام آباد(نامہ نگار)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ ان کا پہلے دن سے یہی موقف ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت پر ایک فیصد بھی رسک نہیں لینا چاہیے۔ جمعرات کو خیبر پختونخوا ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احتجاج کو ایک طرف رکھیں اور بانی پی ٹی آئی کی صحت ایک طرف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کی میٹنگ 99 فیصد بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق ہے، باقی ایشوز بعد میں دیکھے جائیں گے۔ علی محمد خان نے کہا کہ یہ بات بھلا دیں کہ وہ ہمارے چیئرمین ہیں، کم از کم وہ اس ملک کے سابق وزیراعظم تو ہیں۔

دریں اثنا پی ٹی آئی کے رہنما تیمور سلیم جھگڑا نے خیبر پختونخوا ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اگر حکومت قانون پر عمل کرتی تو اس میٹنگ کی ضرورت ہی نہ پڑتی۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم جیل میں ہیں، آپ ان کی بیماری چھپانے کے بعد کسی سے ملنے بھی نہیں دے رہے۔ تیمور سلیم جھگڑا کے مطابق انہیں پیغام ملا تھا کہ میٹنگ میں ون پوائنٹ ایجنڈا پر بات ہونی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کل سہیل آفریدی نے خیبر پختونخوا میں ایپکس کمیٹی کا اجلاس بلایا تھا اور مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو ان کی فیملی اور ڈاکٹر سے ملنے کی اجازت دی جائے۔