ٹورنٹو( نامہ نگار)جماعت احمدیہ کینیڈا کا 47واں سالانہ جلسہ 11 جولائی سے 13 جولائی تک انٹرنیشنل سنٹر مسی ساگا میں منعقد ہو گا۔ اس بات کا اعلان جماعت کے امیر ملک لعل خان نے گزشتہ روز ایک میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔
امیر جماعت احمدیہ کینیڈا نے بتایا کہ اس تین روزہ بین الاقوامی اجتماع میں دنیا بھر سے تقریباً 27 ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے، جن کی مہمان نوازی اور انتظامات کیلئےسات ہزار رضاکار خدمات سرانجام دیں گے۔

میڈیا بریفنگ کے دوران رکنِ پارلیمنٹ دیپک آنند نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ دس برسوں سے اس اجتماع میں باقاعدگی سے شریک ہوتے آ رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ صوبہ اونٹاریو کے پریمئر، ڈگ فورڈ، ہفتہ کے روز اجتماع میں شرکت کریں گے۔
اس موقع پر مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے میڈیا نمائندگان، سیاسی و سماجی شخصیات اور مختلف مکاتبِ فکر کے افراد نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے جماعت احمدیہ کی انسانیت کیلئےخدمات، بین المذاہب ہم آہنگی، اور عالمی امن کے فروغ کیلئےکیے گئے اقدامات کو سراہا۔
میڈیا بریفنگ کے آخر میں آرگنائزر مرزا نسیم بیگ نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور پرتکلف عشائیہ دیا۔

