احمد آباد طیارہ حادثے میں معجزاتی طور پر بچ جانے والے کی سنسنی خیز داستان

“لاشوں کے درمیان آنکھ کھلی، ہمت کی اور نئی زندگی پا لی” — زندہ بچ جانے والے واحد شخص کا بیان

احمد آباد (نیٹ‌نیوز) کو بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد سے لندن جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز ہولناک حادثے کا شکار ہو گئی، جس میں سوار 241 مسافر اور عملے کے ارکان ہلاک ہو گئے۔ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کا ایک بازو ڈاکٹرز ہاسٹل کی عمارت سے ٹکرا گیا، جس کے بعد طیارہ دو حصوں میں تقسیم ہو کر تباہ ہو گیا۔

اس قیامت خیز حادثے میں معجزاتی طور پر صرف ایک شخص، رمیش وشواس کمار، زندہ بچنے میں کامیاب ہوئے، جنہوں نے اب اپنے پہلے انٹرویو میں خوفناک لمحوں کی داستان بیان کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔

“طیارہ جیسے ہی اڑان بھرنے لگا، اچانک جھٹکا لگا۔ کچھ لمحوں میں جہاز ہاسٹل کی عمارت سے ٹکرا گیا اور دو ٹکڑے ہو گیا۔”وہ طیارے کے اُس حصے میں موجود تھے جو ٹوٹ کر نیچے گرا۔ رمیش کا کہنا تھا کہ”میری آنکھیں بند ہو گئیں، مجھے لگا میں بھی مر چکا ہوں لیکن کچھ لمحوں بعد جب آنکھ کھلی تو اپنے ارد گرد صرف لاشیں تھیں۔”

ان کے مطابق، سیٹ بیلٹ ٹوٹ چکی تھی جہاز میں آگ لگ چکی تھی اور ان کا ایک بازو جھلس چکا تھا مگر “میں نے پوری جان لگا کر خود کو گھسیٹا اور طیارے سے باہر نکلا۔ کیسے بچ گیا یہ میں خود بھی نہیں جانتا۔”

رمیش وشواس کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زیرِ علاج ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے، اور وہ جلد اپنے خاندان سے ملاقات کے منتظر ہیں۔حادثے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ ایئر انڈیا اور شہری ہوا بازی کے ادارے حادثے کی وجوہات جاننے میں مصروف ہیں۔

بھارت بھر میں اس سانحے پر شدید رنج و غم کی فضا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئےسوگ کا اعلان کیا ہے۔ ائیرپورٹس پر حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں