ارشد ندیم اسلامک گیمز میں ہاکستان کیلئے پہلا گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب

ہم وطن یاسر سلطان کی دوسری پوزیشن، نائجیریا کے اتھلیٹ تیسرے نمبر پر رہے
ارشد ندیم کی کامیابی کھیلوں کے شعبہ میں لیسکو کی شاندار خدمات کی روشن مثال ہے
قومی ہیرو نے پاکستان اور لیسکو کا نام روشن کردیا:لیسکو چیف انجینئر محمد رمضان بٹ

اسلامک سالیڈیریٹی گیمز میں پاکستان کے ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت لیا.اسلامک سالیڈیریٹی گیمز کے جیولن تھرو مقابلے میں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو ) سے تعلق رکھنے والے ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جبکہ ہم وطن یاسر سلطان نے سلور میڈل جیتا۔ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں اسلامک سالیڈیریٹی گیمز کے جیولن تھرو مقابلے میں پاکستان کے ارشد ندیم اور یاسر سلطان شامل تھے۔ ارشد ندیم کی پہلی تھرو75.44 میٹر ، دوسری تھرو83.05 میٹر ، تیسری تھرو 82.48 میٹر رہی جبکہ چوتھی بار میں انہوں نے77.06 میٹر کی تھرو کی۔

ارشد ندیم نے83.05 کی تھرو کےساتھ گولڈ میڈل جیتا جبکہ یاسر سلطان نے 76.04 کی تھرو کے ساتھ چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔اس کے علاوہ نائیجیریا کے سیموئل ایڈمز 76.01 کی تھرو کےساتھ برانز میڈل جیت گئے۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوۓ کہا کہ لیسکو کے سپوت نے ایک مرتبہ پھر کھیل کے میدان میں پاکستان اور لیسکو کا نام روشن کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کی کامیابی کھیلوں کے شعبہ میں لیسکو کی شاندار خدمات کی روشن مثال ہے،اولمپک چیمپئن ارشد ندیم اور پاکستان کا نام روشن کرنے والے لیسکو کے تمام کھلاڑی ہمارا فخر ہیں۔ ان کا کہنا تھا لیسکو ملک کے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کیلئے ہر ممکن مواقع فراہم کر رہا ہے، سی ای او لیسکو نے سلور میڈل جیتنے والے پاکستان کے دوسرے نوجوان کھلاڑی یاسر سلطان کی بھی ستائش کی۔