اسد الدین اویسی کیخلاف ’جے فلسطین‘ کا نعرہ لگانے پر شکایات درج

حیدرآباد دکن سے تعلق رکھنے والے بھارتی لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کے خلاف حلف لیتے ہوئے ’جے فلسطین‘ کا نعرہ لگانے پر دو شکایات درج کرا دی گئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اسد الدین اویسی کے خلاف ایک شکایت ایڈووکیٹ ہری شنکر اور دوسری ایڈووکیٹ ونیت جندال کی جانب سے درج کروائی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس حوالے سے ایڈووکیٹ ونیت جندال نے کہا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 103 کے تحت صدر کے پاس ایک شکایت دائر کی ہے جس میں اسد الدین اویسی کو آرٹیکل 102 (4) ایم پی کے تحت غیر ملکی ریاست فلسطین سے وفاداری یا اس کی پاسداری ظاہر کرنے پر نااہل قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے حلف لیتے ہوئے ’جے فلسطین‘ کا نعرہ لگایا تھا۔

حلف لیتے ہوئے اسدالدین اویسی نے جے فلسطین یعنی فلسطین زندہ باد کا نعرہ بلند کیا تھا۔

بعدازاں اویسی نے اپنی حلف برداری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی اور ساتھ میں یہ بھی لکھا کہ وہ پورے خلوص کے ساتھ بھارت کے پسے ہوئے طبقے کی مسائل کو اجاگر کرتے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں