پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے دسمبر تک تحریک انصاف کے حکومت میں آنے کا اشارہ دے دیا۔
اسد قیصر نے کہا کہ دسمبر تک حالات ٹھیک ہوجائیں گے، پی ٹی آئی کو اسمبلی میں اکثریت مل جائے گی۔
اسد قیصر نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے درمیان اور آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کے درمیان اختلافات کی اطلاعات ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم اپنا بیانیہ لوگوں تک پہنچا رہے ہیں، باقی جو حکومت کرنا چاہتی ہے بسم اللّٰہ کرے، ہمیں کوئی پرواہ نہیں کہ حکومت کیا چاہتی ہے، کوشش ہوگی کہ ہمارا احتجاج قانون کے دائرے کے اندر ہو، حکومت رکاوٹ ڈالتی ہے یا سازش کرتی ہے تو ذمہ داری پھر حکومت کی ہوگی۔
اسد قیصر نے کہا کہ احتجاجی مظاہرے اور جلسے بھی ہوں گے، بھوک ہڑتالی کیمپ سے ہمارا نکتہ نظر لوگوں تک پہنچ رہا ہے، ابھی بھوک ہڑتالی کیمپ ٹیسٹ فائر ہے، جدوجہد کی طرف جا رہے ہیں، مہنگائی سے عوام پریشان ہیں کل بل کی وجہ سے ایک بھائی نے دوسرے بھائی کو قتل کیا۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف عمر کے اس حصے میں ہیں جہاں نفسیاتی مسائل آجاتے ہیں، خواجہ آصف نے جو باتیں کی ہیں اس میں صداقت نہیں، خواجہ آصف کی باتوں سے پتا چلتا ہے کہ وہ کتنے مایوس ہیں، وہ کونسی سیٹ جیتے ہیں یہ سارے جعلی مینڈیٹ پر بیٹھے ہیں۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ حکومت تو کوئی ہے ہی نہیں یہ کوشش کر رہے ہیں کہ کیسے فوج اور پی ٹی آئی میں فاصلے بڑھائیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ یہ ملک بھی میرا اور فوج بھی میری ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ یہ مخصوص نشستوں سے متعلق بہانے ڈھونڈ رہے ہیں کہ ہمیں نہ ملیں، پوزیشن میں آجائیں گے تو عدم اعتماد کا سوچا جا سکتا ہے، ابھی نمبرز پورے نہیں، ہمارے نمبرز پورے ہوتے ہیں تو عدم اعتماد کی طرف جائیں گے، حکومت لے کر پھر دیکھیں گے کیا اتنے نمبرز ہیں؟ کوشش کریں گے کہ فریش مینڈیٹ لیں، امید ہے کہ دسمبر تک حالات ٹھیک ہوجائیں گے، ہمارے پاس اتنی نشستیں آجائیں گی کہ اپنی حکومت بنا سکیں۔