ریاض/تہران (بیورورپورٹ+ایجنسیاں)—سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت جان بوجھ کر ایران سے تنازعہ بڑھا رہی ہے تاکہ امریکا کو بھی اس جنگ میں شامل کیا جا سکے۔
ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق، شہزادہ محمد بن سلمان نے صدر پزشکیان سے بات کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایران دانش مندانہ حکمت عملی کے تحت تل ابیب کے مقاصد کو ناکام بنائے گا۔
سعودی ولی عہد نے مزید کہا”آج پوری اسلامی دنیا ایران کی حمایت میں متحد ہے۔”
دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال اور بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے گفتگو کے دوران کہا”میں نے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کی کوششیں کی تھیں مگر جب بھی ہم ہدف کے قریب پہنچتے، اسرائیل ان کوششوں کو ناکام بناتا رہا۔”
صدر پزشکیان نے یہ توقع بھی ظاہر کی کہ سعودی عرب اور ایران مل کر خطے کو پرامن بنانے میں کامیاب ہوں گے۔یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب اسرائیل اور ایران کے درمیان عسکری جھڑپوں اور فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

