اسرائیل نے 89 ناقابلِ شناخت فلسطینیوں کی لاشیں غزہ بھیج دیں، خان ​​یونس میں اجتماعی قبر میں تدفین

اسرائیل نے 89 ناقابلِ شناخت فلسطینیوں کی لاشیں غزہ بھیج دیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ان لاشوں کی خان ​​یونس شہر میں اجتماعی قبر میں تدفین کردی گئی، پیر کو ان لاشوں کو کرم ابو سالم بارڈر کے ذریعے بھیجا گیا تھا۔

اس موقع پر لاپتا افراد کے اہلخانہ کے بڑی تعداد بھی وہاں موجود تھی جو اپنے پیاروں کی بارے میں جاننے کے لیے بے تاب تھی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ یہ لاشیں اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں حراست میں لیے گئے افراد کی تھیں یا پھر ماضی میں اسرائیلی فورسز نے قبروں کی جو بے حرمتی کی تھی یہ ان افراد کی باقیات تھیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ بھی معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ ان لاشوں کو کہاں رکھا گیا تھا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تنظیم حماس نے ایک بیان میں اسرائیل کی جانب سے نامعلوم لاشوں کی فراہمی کی مذمت کی ہے۔

حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس سے شہداء اور لاپتا افراد کے اہل خانہ کے مصائب میں اضافہ ہوتا ہے جو اپنے مغوی بچوں کے بارے میں جاننے یا ان کی تدفین کے لیے کوشاں ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 39 ہزار 600 سے بڑھ چکی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں