اسرائیل کی جبالیہ پر وحشیانہ بمباری میں 150 افراد شہید ،10عمارتیں مکمل تباہ

اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ اور لبنان میں خون کی ہولی کھیلنے کا سلسلہ جاری ہے، جبالیہ پر وحشیانہ بمباری میں 150 افراد شہید جبکہ 10عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے کمال عدوان اسپتال پر بھی دھاوا بول دیا، اسپتال ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ بچوں اور مریضوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔

فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل شمالی غزہ میں بدترین قتل عام کررہاہے، اسرائیلی طیاروں نے خان یونس پر بھی وحشیانہ بمباری کی جس کے نتیجے میں 28 فلسطینی شہید ہوگئے۔ادھر لبنان پر اسرائیلی فورسز کی بمباری میں 24 گھنٹے کے دوران 19 افراد شہید ہوگئے، جنوبی لبنان میں 3 صحافیوں کو بھی شہید کردیا گیا۔ فرانسیسی صدر کی جانب سے لبنان میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب لبنان میں مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے ساتھ جھڑپ میں اسرائیل کے 4 فوجی ہلاک اور 6 شدید زخمی ہوگئے۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں 4 اہلکاروں کے ہلاک اور 6 کے شدید زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ہلاک فوجیوں کی شناخت ظاہر کرتے ہوئے فوج نے کہا کہ ہمارے فوجی جنوبی لبنان میں لڑائی کے دوران ہلاک ہوئے، 6 کو شدید زخمی ہونے کے باعث اسرائیل منتقل کر دیا گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں