اسلام آباد:ملائیشیا اور پاکستان کے تعلیمی تعلقات مضبوط،ای ایم جی ایس نیٹ ورکنگ ریسیپشن

اسلام آباد (ایجوکیشن ملائیشیا گلوبل سروسز، ملائیشین ہائی کمیشن)ایجوکیشن ملائیشیا گلوبل سروسز (ای ایم جی ایس) کے زیرِ اہتمام اسلام آباد میں ایک نیٹ ورکنگ ریسیپشن منعقد ہوئی، جس کی میزبانی پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر داتو محمد اظہر مظلان نے کی۔ تقریب میں ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان تعلیمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملائیشین ہائی کمشنر داتو محمد اظہر مظلان نے کہا کہ ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات مشترکہ ثقافت، مذہب اور عوامی روابط پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی معیار، عالمی سطح پر تسلیم شدہ جامعات اور مناسب تعلیمی اخراجات کے باعث ملائیشیا پاکستانی طلبہ کے لیے ایک پسندیدہ تعلیمی منزل ہے۔ ان کے مطابق اس وقت بڑی تعداد میں پاکستانی طلبہ ملائیشیا کی سرکاری اور نجی جامعات میں زیرِ تعلیم ہیں جو تعلیمی اور ثقافتی تبادلے میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔

ای ایم جی ایس کے ریجنل ہیڈ برائے جنوبی ایشیا، معین احمد نے کہا کہ ملائیشیا کا تعلیمی نظام عالمی معیار، صنعت سے جڑے پروگرامز اور طلبہ دوست ماحول کی وجہ سے ممتاز ہے۔ انہوں نے پاکستانی طلبہ کو ملائیشیا کی جامعات میں دستیاب متنوع تعلیمی مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔

تقریب کو ملائیشیا اور پاکستان کے تعلیمی اداروں کے درمیان روابط، تعاون اور نیٹ ورکنگ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیا گیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی آف ملایا، یونیورسٹی اتارا ملائیشیا، یونیورسٹی کوالالمپور، ایشیا پیسیفک یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ انوویشن، یو سی ایس آئی یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف سائبرجایا سمیت معروف ملائیشین جامعات کے نمائندے شریک ہوئے۔

ریسیپشن کے اختتام پر ای ایم جی ایس نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تعلیمی تعاون کو فروغ دینے اور پاکستانی طلبہ کے لیے ملائیشیا کو عالمی تعلیمی مرکز کے طور پر پیش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔