اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پشاور اور ملک کے مختلف شہروں میں آج زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.4 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان کے جنوب مشرقی علاقہ تھا جبکہ اس کی گہرائی 22 کلومیٹر تھی۔
متاثرہ شہروں میں اسلام آباد، پشاور، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور پنجاب کے مختلف علاقے شامل ہیں۔ جھٹکوں کے باعث شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
واضح رہے کہ یکم ستمبر کی شب افغانستان میں آنے والے طاقتور زلزلے کے نتیجے میں 1,400 سے زائد افراد جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوئے تھے، سب سے زیادہ نقصان صوبہ کنڑ اور ننگرہار میں ریکارڈ کیا گیا۔مزید تفصیلات متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کی جائیں گی۔

