اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پمز اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر رانا عمران سکندر نے بانی پی ٹی آئی کے علاج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ دائیں آنکھ کی رگوں میں دباؤ کے باعث بینائی متاثر ہوئی، سینئر ڈاکٹرز کی ٹیم نے معائنہ اور علاج کے بعد انہیں ڈسچارج کر دیا۔
ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے چند روز قبل دائیں آنکھ کی بینائی میں کمی کی شکایت کی تھی، جس پر سینئر ڈاکٹر نے اڈیالہ جیل میں معائنہ کیا اور ضروری ٹیسٹ کیے، جن میں فنڈواسکوپی، آنکھ کے اندر دباؤ کی پیمائش اور ریٹینا کی او سی ٹی شامل ہیں۔
رانا عمران سکندر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ میں سینٹرل ریٹینل وین اوکلوژن کی تشخیص ہوئی، مزید علاج کے لیے انہیں پمز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں آپریشن تھیٹر میں جراثیم سے پاک ماحول اور نگرانی میں تقریباً 20 منٹ میں علاج مکمل کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو مرض اور علاج سے متعلق مکمل آگاہ کیا گیا اور علاج سے قبل باقاعدہ تحریری رضامندی بھی حاصل کی گئی۔

