طلبہ کی تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں شرکت بھی بے حد ضروری ہے، مہمان خصوصی گورنر جی بی مہدی شاہ
سٹوڈنٹس اولمپک کا انعقاد ملک بھر کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم ہے، مقبول ارائیں

اسلام آباد ( رپورٹ: جنگ نیوز کینیڈا ) جناح سپورٹس کمپلیکس میں دوسری نیشنل سٹوڈنٹس گیمز کا رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ شاندار آغاز۔ لیاقت جمنازیم میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈی جی شاہد اسلام کے 101 سالہ والد چوہدری مبارک علی نے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ کے ہمراہ گیمز کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈی جی شاہد اسلام، پاکستان سٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر مقبول آرائیں، سیکرٹری جنرل راناتنویر احمد، آرگنائزنگ سیکرٹری فدا محمد خان ، خیبرپختونخوا سٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر بحر کرم، سیکرٹری ارشد حسین، پاکستان کیچ بال فیڈریشن ام لیلی کلثوم سمیت مختلف سفارت کاروں اور کھیلوں سے وابستہ اہم شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ گیمز میں 16 کھیلوں کے مقابلوں رکھے گئے ہیں جن میں اتھلیٹکس،آرچری، بیڈمنٹن، باسکٹ بال، کیچ بال، سائیکلنگ ، چیس(شطرنج), فٹ سال، فٹ بال، جمناسٹک، روپ سکپنگ، سکیٹنگ، ٹیبل ٹینس، تھرو بال، رسہ کشی اور والی بال کے کھیل شامل ہیں۔ گیمز میں ملک بھر سے تعلیمی اداروں یونیورسٹیز، کالجز اور سکولز کے طلباء وطالبات کی ٹیمیں حصہ لے رہے ہیں۔ گیمز میں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور اسناد تقسیم کی جائیں گی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا کہ نیشنل سٹوڈنٹس اولمپک گیمز ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک شاندار اقدام ہے، طلبہ کی تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں شرکت بھی بے حد ضروری ہے، کیونکہ یہ نہ صرف جسمانی صحت کے لیے مفید ہے بلکہ ذہنی صلاحیتوں کو بھی جِلا بخشتی ہے۔ گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ حکومت نوجوان کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکیں۔ پاکستان سٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر مقبول آرائیں نے اپنے خطاب میں کہا کہ نیشنل سٹوڈنٹس گیمز کا انعقاد نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم ہے، جہاں انہیں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے بھرپور محنت کر رہی ہے اور ایسے مقابلے مستقبل میں بھی منعقد کیے جائیں گے تاکہ طلبہ کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے۔ مقبول آرائیں نے حکومت، پاکستان سپورٹس بورڈ اور تمام تعلیمی اداروں کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ گیمز مزید کامیاب ثابت ہوں گی۔ انہوں نےتیسری نیشنل سٹوڈنٹس گیمزکو پشاور میں منعقد کرانے کااعلان کیا۔

