اسلام آباد(ایجنسیاں)امریکا، برطانیہ، روس، سعودی عرب، ترکیہ، آسٹریلیا اور جرمنی سمیت متعدد ممالک نے اسلام آباد میں ہونے والے خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے اور متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کیا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی اسلام آباد دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے اس واقعے کو افسوسناک قرار دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دنیا بھر سے موصول ہونے والے ہمدردی کے پیغامات پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد خودکش حملے پر عالمی برادری کی حمایت اور یکجہتی پر پاکستان شکر گزار ہے۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ اس بہیمانہ جرم کے ذمہ داروں کو پوری قوت کے ساتھ انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں نمازِ جمعہ کے دوران مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 32 افراد شہید اور ڈیڑھ سو سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

