اسلام آباد: دن بھر کی تگ و دو کے بعد جو ملا تسلی بخش نہیں:سلمان اکرم راجا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ آج کی کوشش کے بعد یہ کامیابی ملی کہ بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹ مل جائے گی، تاہم دن بھر کی تگ و دو کے بعد حاصل ہونے والی پیش رفت تسلی بخش نہیں۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سلمان اکرم راجا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے زیادہ ہمارے لیے کچھ اہم نہیں، ملاقات کے دوران چیف جسٹس کو پارٹی کے تحفظات سے آگاہ کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس اور اٹارنی جنرل سے ملاقاتوں میں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی بہنوں کو میڈیکل رپورٹس فراہم کی جائیں گی جبکہ ذاتی معالجین کو رسائی دینے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔

سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ آج کی میڈیکل رپورٹ سے بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کی صورتحال کا علم ہو جائیگا، تاہم رپورٹ کا حصول ہی ہمارا مطمع نظر نہیں تھا، وکلاء، خاندان اور رفقاء سے ملاقات کیلئے جدوجہد جاری رہے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ لائحہ عمل کیلئے سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوگا اور اپوزیشن رہنماؤں سے مشاورت کے بعد فیصلے کیے جائیں گے۔