اسلام آباد(نامہ نگار)اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے میں 31 افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے، جن میں انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد کے کزن بھی شامل ہیں۔ یہ بات علامہ بشارت حسین امامی نے آئی جی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں بتائی۔
پولیس کے مطابق دھماکا مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں پیش آیا، جہاں خودکش حملہ آور کو داخلے سے روک دیا گیا تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکے سے قبل فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔
واقعے کے بعد پولیس، فوج اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور زخمیوں کو فوری طور پر پمز اور پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

