اسلام آباد دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرادکھ ہے:افغان وزارتِ خارجہ

کابل(ایجنسیاں)افغان وزارتِ خارجہ نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں مسجد کے اندر ہونے والے خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترجمان افغان وزارتِ خارجہ عبدالقہار بلخی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں متعدد نمازی جاں بحق اور زخمی ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے حملے جو مقدس شعائر اور مساجد کے تقدس کو پامال کرتے ہیں اور عبادت گزاروں و شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں، نہایت افسوسناک ہیں۔ عبدالقہار بلخی کا کہنا تھا کہ امارتِ اسلامیہ افغانستان ایسے حملوں کو اسلامی اور انسانی اقدار کے منافی قرار دیتے ہوئے سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔

ترجمان وزارتِ خارجہ نے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کا اظہار بھی کیا۔واضح رہے کہ اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں مسجد خدیجۃُ الکبریٰ میں نمازِ جمعہ کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں 32 افراد شہید اور 150 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔