اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر عوامی دسترخوان لگانے کیلئے ضلعی انتظامیہ سے پیشگی اجازت لینا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر میں دسترخوان کے انعقاد کے خواہشمند افراد کو باقاعدہ اندراج کروانا ہوگا اور مکمل تفصیلات کے ساتھ درخواست جمع کرانی ہوگی۔ انتظامیہ درخواست کی منظوری کے بعد مقام کی نشاندہی کرے گی اور سیکیورٹی سمیت دیگر ضروری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائے گی۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اب تک شہر بھر سے مجموعی طور پر 18 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنرز متعلقہ مقامات کا معائنہ کرنے کے بعد اجازت نامہ جاری کریں گے۔انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ بغیر اندراج اور اجازت کے کسی کو بھی عوامی دسترخوان لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

