اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) حکومتِ پاکستان نے یورپ، افریقہ اور ایشیا میں متعدد نئی سفارتی تقرریوں کا اعلان کردیا ہے.سینئر سفارتکاروں کو نئی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں جبکہ بعض خالی آسامیوں کو بھی پُر کیا گیا ہے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ دو برس کے دوران پاکستان کی فعال خارجہ پالیسی اور عالمی روابط کو مزید آگے بڑھانے کیلئےسفارتکاروں کو واضح مقصد اور حکمت کے ساتھ کام کرنا ہوگا، جبکہ اقتصادی سفارت کاری پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
اعلان کے مطابق ناروے میں پاکستان کی سفیر سعدیہ الطاف قاضی کو تھائی لینڈ میں پاکستان کا سفیر مقرر کیا گیا ہے جبکہ اوسلو میں ان کی جگہ عاصم علی خان ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ وزیراعظم آفس میں خدمات انجام دینے والے سلمان شریف کو جرمنی میں پاکستان کا سفیر مقرر کیا گیا ہے۔
لاس اینجلس میں قونصل جنرل کے طور پر خدمات انجام دینے والے احمد امجد علی کو سویڈن میں پاکستان کا سفیر تعینات کیا گیا ہے۔
برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر کے طور پر دفتر خارجہ کے چیف آف پروٹوکول چوہدری ٹیپو عثمان کو مقرر کیا گیا ہے جبکہ موجودہ ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل کو واپس دفتر خارجہ طلب کر لیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ کے جنیوا دفتر میں پاکستان کے مستقل مندوب کے طور پر دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی کو مقرر کیا گیا ہے جبکہ بلال احمد کو کینیا میں پاکستان کا سفیر تعینات کیا گیا ہے۔
مزید تقرریوں کے تحت عرفان احمد کو تاجکستان، مدثر ٹیپو کو ازبکستان، عمران احمد صدیقی کو ایران، حسنین یوسف کو تنزانیہ، اشعر شہزاد کو یوگنڈا اور محمد عامر خان کو نیپال میں پاکستان کا سفیر مقرر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ حکومت نے مختلف ممالک میں قونصل جنرلز کی تقرریوں کا بھی اعلان کیا ہے جن کے تحت علی انصر زیدی کو فرینکفرٹ، یاسر اقبال بٹ کو گوانگژو، شہباز حسین کو قندھار، سراج احمد خان کو لاس اینجلس، اویس احمد خان کو مزارِ شریف جبکہ فیصل ابڑو کو مونٹریال میں قونصل جنرل تعینات کیا گیا ہے۔

