لاہور (نامہ نگار) لاہور پریس کلب کے لائف ممبر اور جنگ نیوز کینیڈا کے سی ای او اشرف خان لودھی نے کہا ہے کہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد پر پولیس کا دھاوا اور صحافیوں پر تشدد آزادی صحافت پر براہِ راست حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب صحافیوں کا گھر اور آزادی اظہار کی علامت ہیں، ان پر اس طرح کے حملے جمہوری اقدار کو مجروح کرتے ہیں۔
اشرف خان لودھی نے اپنے بیان میں کہا کہ صحافت کے بغیر جمہوریت ادھوری ہے، اگر صحافی محفوظ نہیں ہوں گے تو عوام کی آواز بھی دب جائے گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس افسوسناک واقعہ کی شفاف انکوائری کر کے ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے بھی پولیس گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل پریس کلب پر دھاوا آزادی صحافت پر براہِ راست حملہ ہے جسے کسی طور برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے حقِ اظہار اور آزادی کے تحفظ کیلئےمتحد ہے اور ایسے واقعات کیخلاف بھرپور آواز بلند کرینگے۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ آزادی صحافت کیخلاف ایسے اقدامات نہ صرف ملکی سطح پر جمہوری اقدار کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو بھی مجروح کرتے ہیں۔

