اسلام آباد: پولیس افسر ایس ایس پی عدیل اکبر نےخود کو گولی مار کرخودکشی کر لی

اسلام آباد (نمائندہ جنگ نیوز کینیڈا) اسلام آباد پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) عدیل اکبر نے مبینہ طور پر خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔ افسوسناک واقعہ شاہراہِ دستور پر پیش آیا، جہاں انہوں نے اپنی گاڑی میں بیٹھے ہوئے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ایس ایس پی عدیل اکبر نے اپنی سرکاری پستول سے فائر کیا۔

طلال چوہدری نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم سیف سٹی کیمروں میں واقعے کی کوئی واضح فوٹیج دستیاب نہیں ہو سکی۔انہوں نے بتایا کہ مرحوم ایس ایس پی کا موبائل فون لاک ہے، جسے فرانزک ماہرین کے حوالے کیا جا رہا ہے تاکہ واقعے کے اسباب کا تعین کیا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق ایس ایس پی عدیل اکبر کا تعلق ضلع گجرات سے تھا اور وہ پولیس سروس آف پاکستان (پی ایس پی) کے 46ویں کامن کے افسر تھے۔ ان کی عمر تقریباً 35 برس تھی اور وہ ایک سالہ بیٹی کے والد تھے۔

ذرائع کے مطابق عدیل اکبر سی ایس ایس امتحان میں اپنے بیچ کے ٹاپر رہے، تاہم حالیہ عرصے میں انہیں ترقی نہ ملنے کے باعث سخت ذہنی دباؤ کا سامنا تھا۔ ان کے تمام بیچ میٹس گزشتہ سال ایس پی کے عہدے پر ترقی پا چکے تھے، جبکہ عدیل اکبر کی ترقی آئندہ بورڈ تک مؤخر کر دی گئی تھی۔

قریبی ذرائع کے مطابق انہیں گزشتہ روز ڈینگی بخار کی تشخیص ہوئی تھی، تاہم اس کے باوجود وہ ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔مرحوم عدیل اکبر اسلام آباد پولیس میں بطور ایس پی آئی-نائن تعینات تھے۔ ذرائع کے مطابق واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، جبکہ ابتدائی شواہد کے مطابق یہ خودکشی کا کیس معلوم ہوتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں