اسلام آباد ہائی کورٹ سمیت تین صوبائی ہائی کورٹس کے چیف جسٹسز کی تقرریاں

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن آف پاکستان (جے سی پی) کے اہم اجلاس میں تین صوبائی ہائی کورٹس اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس صاحبان کی تعیناتی کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس کے بعد سپریم کورٹ سے اعلامیہ بھی جاری کیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کیلئے جسٹس سرفراز ڈوگر کو چیف جسٹس نامزد کیا گیا۔سندھ ہائی کورٹ کیلئے جسٹس جنید غفار کو چیف جسٹس مقرر کیا گیا۔پشاور ہائی کورٹ کی سربراہی کیلئے جسٹس عتیق شاہ کو نامزد کیا گیا۔بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر جسٹس روزی خان کی تقرری کی منظوری دی گئی۔

اس موقع پر جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں بعض اراکین نے آئینی اور طریقہ کار سے متعلق اعتراضات بھی اٹھائے۔ جسٹس منصور علی شاہ نے اجلاس کے دوران موقف اختیار کیا کہ 26ویں آئینی ترمیم پر پہلے فیصلہ ہونا چاہیے۔ ان کے اس موقف کی حمایت جسٹس منیب اختر، تحریکِ انصاف کے دو ارکان اور خیبرپختونخوا کے وزیر قانون نے بھی کی۔

اجلاس سے قبل بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس محمد کامران خان ملاخیل نے کمیشن کے سیکریٹری کو تحریری طور پر اعتراض پیش کیا کہ جسٹس (ر) نذیر احمد لانگو کی بطور رکن مسلسل شرکت آئین کے آرٹیکل 175-A(5) کی خلاف ورزی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق جج کی شرکت محض مخصوص اجلاس کیلئےہوتی ہے مستقل نہیں جیسا کہ ماضی میں مختلف نامزدگیوں کے وقت ہوا۔

واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ کی چیف جسٹس جسٹس عالیہ نیلم بدستور منصب پر فائز ہیں۔ انہیں 11 جولائی 2024 کو اس عہدے پر تعینات کیا گیا تھا اور وہ لاہور ہائی کورٹ کی 142 سالہ تاریخ میں پہلی خاتون چیف جسٹس ہیں۔

یہ تقرریاں جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی اکثریتی رائے سے منظور کی گئیں، تاہم اجلاس میں بعض آئینی اور رکنیت سے متعلق اعتراضات نے کمیشن کی کارروائی کو جزوی طور پر متنازع بنا دیا ہے۔ دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ کی سربراہی میں تسلسل برقرار ہے، جہاں جسٹس عالیہ نیلم تاریخی حیثیت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں