اسلام آباد یونائیٹڈ کا غیر ملکی پر اعتماد لوک رونکی کو ہیڈ کوچ مقرر کر دیا

اسلام آباد یونائیٹڈ نے لُوک رونکی کو ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا۔ لُوک رونکی پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی بطور پلیئر بھی کر چکے ہیں۔اسلام آباد یونائیٹڈ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لُوک رونکی نہ صرف ٹیم کی تاریخ کا حصہ رہے ہیں بلکہ پی ایس ایل کے کامیاب ترین غیر ملکی کھلاڑیوں میں بھی شمار ہوتے ہیں۔ ان کی جارحانہ بیٹنگ اور بڑے میچز میں کارکردگی نے شائقین کے دل جیتے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی کا کہنا ہے کہ لُوک رونکی ہمیشہ اسلام آباد یونائیٹڈ فیملی کا حصہ رہے ہیں۔ ان کے مطابق لُوک رونکی ٹیم کے ماحول اور کلچر کو اچھی طرح سمجھتے ہیں، اسی لیے انہیں ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ لُوک رونکی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ ہمیشہ ان کے لیے گھر جیسی رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بطور ہیڈ کوچ واپسی ان کے لیے اعزاز ہے اور وہ ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرنے کے لیے پُرجوش ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی انتظامیہ کے مطابق سابق کھلاڑی کو ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانا پالیسی کا حصہ ہے تاکہ ٹیم کا تسلسل اور پہچان برقرار رہے۔ لُوک رونکی کے کوچ بننے سے ٹیم کو ان کے تجربے سے فائدہ پہنچنے کی امید ہے۔ پی ایس ایل کے ساتھ ساتھ لُوک رونکی کو انٹرنیشنل کوچنگ کا بھی تجربہ حاصل ہے۔ وہ نیوزی لینڈ کے کوچنگ سیٹ اپ میں بھی کام کر چکے ہیں۔